ایم ڈی کیٹ طلباءکا انٹری ٹیسٹ فیس میں اضافے کیخلاف کوئٹہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ایم ڈی کیٹ طلبا نے تصور عزیز کی قیادت میں اپنے مطالبات کے حق اور پی ایم ڈی سی کی جانب سے انٹری ٹیسٹ فیس میں اضافے کے خلاف سوموار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے مقررین نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کی طرف سے فیس میں اضافہ کیا گیا ہے ٹیسٹ میں حصہ لینے زیادہ تر طلباءو طالبات کا تعلق مڈل کلاس گھرانوں سے ہے وہ بھاری فیس ادا کرنے سے قاصر ہیںاس ناروا فیصلے سے ہونہار محنتی طلبا کا مستقبل داﺅ پر لگ چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انٹری ٹیسٹ فیس میں کمی کی جائے۔ حکومت نے فیس 6 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کردی ہے جوکہ طلبا کیساتھ ظلم کے مترادف ہے، اس کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ تعلیم دشمن پالیسیوں کو ترک کرکے علم کے حصول کو ہر طالب علم کیلئے آسان بنایا جائے تاکہ طلبا قسمت آزمائی کرکے علم کے حصول کو یقینی بناکر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ مظاہرین انٹری ٹیسٹ فیس میں اضافے کیخلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔