پی ایم ڈی سی نے انٹری ٹیسٹ فیس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کرکے ظلم کی انتہاء کردی ہے ، ایم ڈی کیٹ طلباء


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ایم ڈی کیٹ طلباء تصور عزیز ، ازلان خان، جنید ، ثمرین نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی سی نے انٹری ٹیسٹ فیس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کرکے ظلم کی انتہاء کردی ہے جوکہ بلوچستان کے طلباء کو ان کے حق سے محروم کرنے کی سازش ہے زیادہ تر طلباء غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں وہ 8 ہزار فیس ادا نہیں کرسکتے ہیں۔ اگر فیس میں کمی نہ کی گئی تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ طلباء ٹیسٹ میں حصہ لیں گے اس کے بدلے کوئی سہولت نہیں دی جارہی ہے فی طالب علم پر صرف 800 روپے کے اخراجات آتے ہیں مگر 8 ہزار روپے لینا صوبہ کے غریب طلباء کے ساتھ ظلم و انصافی ہے۔ طلباء نے فیس 6 ہزار روپے کو کم کرنے کا مطالبہ کیا لیکن انہوں نے کم کرنے کی بجائے 8 ہزار روپے فیس مقرر کردی ہے اس ظالمانہ اقدام کو ہم کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے طلباء کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر احتجاج اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پی ایم ڈی سی نظر ثانی کرکے 8 ہزار فیس کو کم کرکے طلباء کی مشکلات کا ازالہ کریں نہ کہ طلباء پر علم کے دروازے بند کریں ۔ حکومت کو چاہئے کہ تعلیم کے حصول کو آسان بنایا جائے تاکہ ہر قابل و محنتی طالب علم کو ٹیسٹ میں حصہ لینے میں کوئی دشواری اور رکاوٹ پیش نہ آئے۔