محکمہ تعلیم بھرتی ٹیسٹ، کامیاب امیدواروں کی جانچ پڑتال کیلئے 8 کمیٹیاں تشکیل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے تحت محکمہ تعلیم میں ہونے والی بھرتی ٹیسٹ کے کامیاب امیداروں کی جانچ پڑتال ،انٹر ویو کے لئے 8الگ الگ کمیٹیاں بنا دیں، کمیٹیاں امیدواروں کے کوائف، دستاویزات ، امتحانی پرچوں سمیت 11امور کاجائزہ لیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر محکمہ تعلیم میں ہونے والی بھرتیوں کے ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لئے کوئٹہ ، قلات، مکران ، رخشان ، نصیر آباد، سبی، لورالائی اور ژوب ڈویژن میں گریڈ 20اور گریڈ 21کے بیوروکریٹس کی سربراہی میں 8کمیٹیاں قائم کردی ہیں ۔ کمیٹیاں امیدواروں کے انٹرویو کر کے ان کے خاندان کا نادرا ریکارڈ ، محکمہ تعلیم کے افسران سے رشتہ داری کا جائزہ لیکر مبینہ طور پر خرید و فروخت میں ملوث بروکرز کی جانچ پڑتال کریں گی ۔ کمیٹیاں امتحانی پرچوں کی جوابی شیٹوں کا جائزہ ، شکایات کنندہ گان کا غیر رسمی انٹرویو لے سکیں گی ، وزیراعلیٰ کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹیاں ٹیسٹ کا تمام ریکارڈ ، کامیاب امیدواروں کے تعلیمی کوائف کی جانچ پڑتال ، قوانین پر عملدآمد ، ضلع وار خالی آسامیوں کی تعداد اور مخصوص کوٹہ کے تحت آسامیوں کا تعین، کمیٹیاں شکایات کا جائزہ لیکر ان کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجراءکریں گی ۔