بنگلادیشی حکومت کے خاتمے کو ایک دن بھی نہ ہوا، بھارتی میڈیا نے ملبہ پاکستان پر ڈال دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بنگلا دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کو 24 گھنٹے بھی نہ گزرے تھے کہ بھارتی تجزیہ کاروں اور میڈیا نے اسے سازش قرار دیکر ملبہ پاکستان، امریکا اور چین پر ڈال دیا۔
بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے طویل اقتدار کے خاتمے نے بھارتی ایوانوں میں ہلچل مچا دی ہے، بھارت کے دفاعی تجزیہ کار اچانک آئی اس تبدیلی سے اتنے پریشان ہوئے کہ ایک ہی سانس میں امریکا، چین اور پاکستان کو اس میں ملوث قرار دیدیا۔
بھارتی تجزیہ کار جنرل بخشی نے یہاں تک الزام عائد کردیا کہ سابق بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد کو امریکا اور چین نے دھمکیاں بھی دیں، الزامات لگاتے لگاتے نوبل انعام یافتہ بنگلادیشی اکنامسٹ محمد یونس کو بھی امریکا نواز قرار دیا۔
الزامات لگانے میں بھارتی میڈیا نے بھی پیچھے نہ رہا بھارتی اینکر ارنب گوسوامی نے شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے میں امریکی ڈیپ اسٹیٹ کو ملوث قرار دیا اور اپوزیشن رہنما راہول گاندھی پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکا سے بھارت میں اسی طرح کا رجیم چینج چاہتے ہیں۔
بھارتی تجزیہ کاراور میڈیا کے الزامات کے برعکس برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی حکومت کی بے جا حمایت اور بنگلادیش کے معاملات میں مداخلت بھی شیخ حسینہ کے زوال کی وجہ بنی۔
بین الاقوامی امور کے ماہرین کہتے ہیں کہ بھارت 14 سال سے شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا اصل پشت پناہ رہا ہے اور جمہوریت کی تباہی میں حصہ دار ہے۔
مغربی تجزیہ کاروں نے بنگلادیشں میں حکومت کی تبدیلی کو بھارت کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔