مانچسٹر ائیرپورٹ پر تشدد واقعے سے متاثرہ خاندان کا پولیس پر حقائق تبدیل کرنے کا خدشہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مانچسٹر ائیرپورٹ پر پولیس اہلکاروں کے تشدد سے متاثرہ خاندان کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی طرف سے واقعے کے حقائق کو توڑنے موڑنے کی کوشش ناقابل قبول اور مایوس کن ہے۔
وکیل عامر انور نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے ارکان سمجھتے ہیں کہ یہ پولیس ہماری نمائندگی نہیں کرتی، وہ چاہتے ہیں کہ پولیس والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کا مکمل احتساب ہو۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے اپنے بیانیے کے مطابق اطلاعات میڈیا کو شیئر کیں اور حقائق کو جان بوجھ کر تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔
عامر انور کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ مانچسٹر ائیر پورٹ واقعے میں انہیں نسلی تعصب اور اسلامو فوبیا کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے خلاف حملے پر گریٹر مانچسٹر پولیس کی طرف سے کوئی سنجیدہ تحقیقات کی کوشش نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ 23 جولائی کو مانچسٹر ائیرپورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوان پرتشدد کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
بعد ازاں گریٹ مانچسٹر پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔