مخصوص نشستیں؛ الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن نے نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آج سپریم کورٹ کے فیصلے پر ریویو پٹیشن دائر کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے بھی مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کر رکھی ہے۔ وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سپریم کورٹ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے نظر ثانی درخواست کو ستمبر کی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف جسٹس نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا اور رائے دی کہ گرمیوں کی چھٹیاں منسوخ کرکے نظرثانی سننی چاہیے۔ ججز کے آرام کو آسانی نہیں بلکہ آئین کو ترجیح دینی چاہیے، اگر فوری طور پر نظر ثانی درخواست کو سماعت کیلیے مقرر نہ کیا گیا تو یہ ناانصافی ہوگی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے تحریکِ انصاف کو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں بطور جماعت قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ملنے کے کیس میں جسٹس امین اور جسٹس نعیم نے اختلافی فیصلہ بھی جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کو ریلیف دینے کے لیے آئین کے کچھ آرٹیکلز کو معطل کرنا ہوگا۔