برفباری شروع،بالائی علاقوں میں روئی کے گالے گرپڑے
گلگت بلتستان(قدرت روزنامہ)گلگت بلتستان،دیوسائی اورنیلم ویلی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے، سفید گالے گر پڑے,وادی کاغان میں بابوسرٹاپ پربھی برفباری جاری ہے جس کے باعث نیشنل ہائی وے بند ہوگئی۔
بابوسر ٹاپ پر گزشتہ رات برفباری کا سلسلہ شروع ہوا تھا، ناران نیشنل ہائی وے بند ہونے سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہری پھنس گئے تھے۔32 گاڑیوں میں پھنسے80 سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا،خراب موسمی حالات کے باعث سیاحوں کو سفرسے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلند میدان دیوسائی میں اب تک تین انچ برف جم چکی ہے ، برفباری کے بعد پولیس نے سیاحوں کے لئے گائیڈ لائن جاری کر دی ہے۔
نیلم ویلی اور لیپہ ویلی کے بلند پہاڑوں پر برف باری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی،گزشتہ روز بارش کے باعث بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی ہلکی برفباری کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔