سندھ پولیس میں اصلاحات کے ذریعے بہتری لانا میری اولین ترجیح ہے‘آئی جی سندھ


کراچی کے تمام پولیس اسٹیشنز میں مالی انتظامات کی دیکھ بھال کے لیے اکاؤنٹ کورس تربیت یافتہ ہیڈمحرران تعینات کیے جائیں گے
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے تمام پولیس اسٹیشنز میں مالی انتظامات کی دیکھ بھال کے لیے اکاؤنٹ کورس تربیت یافتہ ہیڈمحرران تعینات کیے جائیں گے۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اکاؤنٹنٹ کورس برائے ہیڈ محرران سندھ پولیس کے 16 ویں تا 22 ویں بیچ کے لیئے منعقدہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب ۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز،ٹریننگ،آپریشنز،ڈی آئی جیز ٹی اینڈ ٹی،ٹریننگ، آئی ٹی،اسٹبلشمنٹ سمیت اے آئی جیز،ایڈمن اور آپریشنز سندھ نے شرکت کی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہیڈ محررز کورس میں کامیاب ہونیوالے90پولیس اہلکاروں میں اسناد تقسیم کیں اور انھیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اگلے مرحلے میں اندرون سندھ کے پولیس اسٹیشنز کے ہیڈمحرران کی تربیت کا مرحلہ شروع ہوچکاہے ۔تھانوں کا بجٹ مختص اور تقسیم کرنیکا مقصد انھیں مالی طور خود مختار بنانا اور مؤثر پولیسنگ اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاہے کہ سندھ پولیس میں اصلاحات کے ذریعے بہتری لانا میری اولین ترجیح ہے۔پولیس تھانوں کو مالی طور پر خود مختار بنانے کے لیئے سینئرافسران کے دفاتر کے بجٹ میں موثرکٹوتی کی گئی ہے ۔پولیسنگ کا جدت یا تبدیلی کی جانب گامزن ہونے سے محکمہ پولیس میں بدعنوانی کا تاثر ختم ہوگا۔محکمہ پولیس میں انتظامی یا مالی نا انصافی/بدنظمی کی شکایات کا گراف نیچے جائیگا۔میری خواہش ہیکہ سندھ پولیس میں بہترین اصلاحات، بہتری اور پولیس کی فلاح کو یقینی بنایا جائے ۔