شہداء بلوچ راجی مچی کے لواحقین کو ایف آئی آر کے معاملے پر ہراساں کیا جا رہا ہے، بی وائی سی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ شہداء بلوچ راجی مچی کے خاندان کو ایف آئی آر کرنے کے معاملے میں ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ ان گھناؤنی حرکتوں سے باز آئیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت جس طرح بلوچستان میں بربریت اور مظالم کی بدترین مثال قائم کی جا رہی ہے، بہت جلد اس جبر اور مظالم کے خلاف عوامی صبر جواب دے گا اور اس بربریت اور ظلم کے خلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے اور اس ظلم و جبر پر مبنی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ نام نہاد صوبائی اسمبلی کے ممبران پر بھی واضح کرتے ہیں کہ جس طرح ایک سیٹ اور کچھ مراعات کیلئے آپ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنی ہی عوام پر مظالم اور جبر کی حمایت کر رہے ہیں، اس سماجی جرم کے نتیجے میں آپ کو بھی اس سماجی ردعمل کا سامنا کرنا ہوگا۔