سانحہ آٹھ اگست، بدترین دہشتگردی میں ملوث ذمے داران کا تعین نہ ہوسکا، نیشنل پارٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی نے سانحہ آٹھ اگست کو بلوچستان کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن کا سورج اہل بلوچستان کے لیے کرب اور دکھ لیکر طلوع ہوا کہ پلک جھپکتے ہی بلوچستان کے درجنوں اعلیٰ تعلیم یافتہ وکلا لقمہ اجل بن کر شہید ہوئے جو ایک المیہ تھا، پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ ایک دھماکے میں 62 وکلا شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہر گھر اور ہر گلی میں کہرام برپا ہوا لیکن تاحال بدترین دہشت گردی میں ملوث ذمہ داران کا تعین نہیں ہوسکا جو متعلقہ اداروں اور عدالتوں پہ سوالیہ نشان چھوڑ گیا ، پارٹی ترجمان نے کہا کہ بلوچستان گزشتہ دودہاہیوں سے بدترین دہشت گردی کا شکار ہے جس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کے بجائے بلوچستان کے حقیقی نمائندوں کو دیوار سے لگاکر بلوچستان کو بازیچہ اطفال بنادیا گیا جس کی منفی نتائج روزبروز سامنے آتے جارہے ہیں۔