تربت میں دھرنا بلوچ عوام کے حقوق تسلیم کرنے تک جاری رکھا جائیگا، شرکا


تربت(قدرت روزنامہ)بلوچ قومی اجتماع پر جبر کیخلاف بلوچستان کے دیگر شہروں کی طرح تربت میں بھی احتجاجی دھرنا جاری۔ گزشتہ روز تربت دھرنے میں بلوچ قومی اجتماع پر ریاستی جبر اور موجودہ صورتحال کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔ سیاسی، سماجی، ادبی پس منظر سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں اور بلوچ کمیونٹی کے ساتھ ناروا سلوک پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ریاست کے جابرانہ اقدامات کی مذمت کی اور بین الاقوامی توجہ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ شرکا نے پرامن احتجاج کے عزم کا اعادہ کیا، زیر حراست افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور ریاست پر زور دیا کہ وہ ان کے جائز مطالبات کو پورا کرے اور بلوچ برادری کیخلاف ظلم کو فی الفور ختم کرے۔ سیمینار کا اختتام اس قرار داد پر ہوا کہ جب تک انصاف کی فراہمی اور بلوچ عوام کے حقوق کو تسلیم نہیں کیا جاتا دھرنا جاری رکھا جائے گا۔