ملک کا سب سے طاقتور ادارہ عدلیہ اپنے محافظ وکلا کو انصاف نہیں دلا سکا، پی ایس ایف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر طاہر شاہ کاکڑ اور صوبائی چیئرمین رزاق عاصم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں شہدا سول ہسپتال کوئٹہ کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا 8 اگست کا دن ہم آج بھی عظیم شہدا کی قربانیوں سے یاد کرتے ہیں اور ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ ہمارے وکلا نے ظلم جبر اور استبداد کے خلاف اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر قربان کیں مگر اپنے موقف پر کار بند رہے اور صدیوں تک اپنی قربانی کے ذریعے ایک تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 اگست 2016 کو ہماری پوری نسل کو تباہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے ہم ایک ایسے ملک میں رہ رہے ہیں جسکا سب سے طاقتور ادارہ بھی اپنی خودمختاری کھو چکا ہے، ہماری عدلیہ 7 سال گزرنے کے بعد بھی اپنے ہی محافظ وکلا کو انصاف نہیں دے سکتی اور نہ ہی ایک آزاد جوڈیشل کمیشن کیلئے اقدامات کیے، اس ریاست میں ہر ادارہ مفلوج ہے، آج بھی بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور اظہار رائے پر قدغن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ اگست اگر ایک طرف ریاست پاکستان کی آزادی کا مہینہ سمجھا جاتا ہے تو دوسری طرف پشتون قوم کیلئے ایک سیاہ مہینہ ہے 12 اگست 1948 کو بابڑہ سے لیکر آج تک اس مہینہ میں ہمیں صرف مسخ شدہ لاشیں ہی ملی ہیں، عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے کل 8 اگست کو چمن میں ملی، قامی اور وطنی پاسون ہوگا، اسی طرح پھر 16 اگست کو شاہرگ میں پھر 24 اگست کو کوئٹہ میں شہدا اگست کی یاد میں بڑا اجتماع ہوگ، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے تمام ساتھی اعلان کردہ پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں۔ پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماﺅں نے کہا کہ 23 اگست کو شہدا پی ایس ایف سائنس کالج 1990 کی یاد میں سائنس کالج کوئٹہ میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے، پی ایس ایف کے عہدیداران اور کارکنان کو تیاریاں تیز کرنے کی تاکید کی جاتی ہے۔