صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پر دستخط کر دیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل2024 پر دستخط کر دیے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے سینیٹ سیکرٹریٹ بجھوا دیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کا گزٹ نوٹیفیکیشن آج ہی جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل دو روز قبل قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا جبکہ گزشتہ روز سینیٹ نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔