راولپنڈی؛ جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 14 ویں روز میں داخل، کارکن پُرجوش


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی کے تحت لیاقت باغ چوک پر جاری احتجاجی دھرنے کا آج مسلسل 14 واں روز ہے اور دھرنے کے شرکا پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔
دھرنے میں شریک افراد نے گزشتہ شب مسلسل بارش کی وجہ سے میٹرو شیڈ کے نیچے گزاری، جس کے بعد آج صبح فجر کی نماز پنڈال میں ادا کرنے کے بعد معمول کے مطابق صفائی کا عمل شروع کیا گیا، اس دوران روزانہ کی طرح دھرنے کے شرکا کے لیے ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
بعد ازاں دھرنے میں شریک جماعت اسلامی کے ملک بھر سے آنے والے کارکنان، تاجروں سمیت دیگر تنظیموں سے وابستہ افراد اور مختلف شہروں سے ٹولیوں اور قافلوں کی شکل میں مزید پہنچنے والے افراد نے احتجاجی دھرنے میں اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ دھرنے میں شریک افراد کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔
جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے لیے آج حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں مری روڈ کی جانب مارچ کرے گی۔
آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں، بے جا ٹیکسز، بجلی کے بھاری بلز، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں، مہنگائی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے جماعت اسلامی کے راولپنڈی دھرنے کے علاوہ کراچی میں گورنر ہاؤس پر بھی دھرنا جاری ہے، جس کے بعد اب پشاور میں بھی12 اگست کو دھرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے راولپنڈی کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر شہروں میں بھی حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کی صورت میں دھرنوں کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس دوران حکومتی مذاکراتی ٹیم کے جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کے چار ادوار ہو چکے ہیں، تاہم چاروں ملاقاتوں میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ہے۔