مستونگ، مختلف حادثات و واقعات میں لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


مستونگ(قدرت روزنامہ)کھڈکوچہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا ۔مستونگ کے نواحی علاقے تھانہ کھڈکوچہ کی حدود میں ریکی بوز ایریا میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک جاں بحق ہوگیا۔مقتول کی شناخت اکبر خان ولد سہراب خان مری ساکن سبی کے نام سے ہوئی ہے واردات کے بعد ملزمان فرار میں کامیاب ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو شہید نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کردیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔دوسری جانب مستونگ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے علاقے میں الحسن ہوٹل کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانیوالی تیز رفتار کار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر مار دیا۔ افسوسناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار کھڈکوچہ لیویز تھانہ کے اہلکار سپاہی صدام حسین ولد عبدالواحد شاہوانی موقعہ پر جاںبحق ہو گیا جبکہ اس کے فرزند اور گاڑی میں سوار تین افراد بھی زخمی ہوئے زخمیوں کو اسماعیل بلوچ ویلفیئر سینٹر میں ابتدائی طبی امداد کے بعد چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل بلوچ نے اپنے گاڑی میں شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا زخمیوں میں موٹرسائیکل سوار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہیں۔