ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے اراکین اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیا جائے، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے اب تک تمام غیر منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی رواں ماہ کی 28 تاریخ تک متعلقہ فورم سے منظوری کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اراکین اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیا جائے اور تاخیر کا شکار محکمہ جاتی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کیا جائے اجلاس کو اے سی ایس ڈیویلپمنٹ نے رواں مالی سال میں شامل جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی انہوں نے اجلاس کو سیکٹر وائز ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں کی اتھارائزیشن اور ریلیز سٹیٹس سے متعلق بھی بریف کیا گیا وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ ان کی جلد از جلد متعلقہ فورم سے منظوری لی جائے کیونکہ ترقیاتی اسکیمات کی جلد تکمیل سے ہی عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کوشش یہی ہے کہ ایک جامع اور منظم انداز سے ترقیاتی اسکیمات کی تکمیل میں حائل تمام روٹکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے انہیں بروقت مکمل کیا جائے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ، میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط اور سیکرٹری خزانہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔