حکومت کا زائد چارج شدہ بجلی کے بل رواں ماہ واپس کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ کے اضافی چارجز صارفین کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پرو ریٹا بلنگ کے لیے اضافی یونٹس کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی۔
پرو ریٹا سسٹم کے تحت وفاقی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ بل کی گئی اضافی یونٹوں پر کم ٹیرف کا اطلاق کیا جائے, فیصلے کے مطابق پرو ریٹا بلنگ کے لیے اضافی یونٹس کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی۔
محفوظ زمرے کے صارفین اب 27 روپے فی یونٹ کے بجائے 13 روپے فی یونٹ ادا کریں گے، صارفین کو ان کے موجودہ بلوں میں اضافی چارجز کا کریڈٹ ملے گا، اور کسی بھی زائد ادائیگی کی رقم واپس کر دی جائے گی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی یعنہ نیپرا نے بلوں کی تاخیر سے ادائیگی پر جرمانے ختم کر دیے ہیں، گزشتہ ماہ، پرو ریٹا سسٹم کے تحت صارفین کو اضافی یونٹس کے حساب سے بل بھیجے گئے تھے، جس کے بعد نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کی گئی تھیں۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ بلوں میں میتر ریڈنگ کی تاریخیں غائب تھیں اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اس مسئلے کی واضح وضاحت پیش کرنے میں ناکام رہی تھی۔
رواں ماہ کے اوائل میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو درپیش مالی دباؤ سے نجات دلانے کے لیے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں 10 دن کی توسیع کی تھی، اس کے بعد، پاور ڈویژن نےکے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو اس توسیع کو جولائی اور اگست 2024 کے بلوں میں لاگو کرنے کی ہدایت کی تھی۔