پاکستان

15 اکتوبر سے پیٹرول پھر مہنگا ہونے کا امکان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مہنگائی سے پسے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرائے جانے کا امکان ہے اور پیٹرول کی قیمت 7 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 10 روپے فی لیٹر بڑھائے جانے کا امکان ہے، اضافے کی صورت میں نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر سے ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 دنوں کے دوران 12 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا ہے اور اگلے تین روز تک قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے البتہ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت پاکستان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم سے کم اضافے کیلئے کتنی سبسڈی دیتی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے 16 ستمبر سے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7.01 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول 123.30 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 120.04 روپے فی لیٹر فروخت ہونے لگا۔
حکومت نے یکم اکتوبر سے ایک بار پھر پیٹرول 4 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر مہنگا کیا جس کے بعد پیٹرول 127.30 روپے فی لیٹر ہو گیا اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 122.05 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ اگر حکومت نے اس بار بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا تو قیمتیں بڑھانے کی ہیٹ ٹرک مکمل ہو جائے گی۔

متعلقہ خبریں