امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کی تعریف
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر مملکت برائے سرحدی علاقہ جات امیر مقام سے ملاقات کی، جس میں افغان مہاجرین کی میزبانی کی پاکستان کی طویل تاریخ کے لیے وزیر کا شکریہ ادا کیا اور پناہ گزینوں کی مدد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر امریکا کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان میں موجود امریکی مشن کی ترجمان جوناتھن لالی نے دونوں رہنماؤں کی ملاقات سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین اور سرحدی علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی مدد کے لیے امریکا، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر نے پناہ گزینوں کے رجسٹریشن کارڈز کی معیاد میں توسیع کے پاکستان کے حالیہ فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کو مزید مہلت دینے کا حکومتی فیصلہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے افغانوں کو دیے گئے تحفظ پر خدشات کو دور کرنے کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات اور اہل افغان کی امریکا میں محفوظ اور مؤثر آباد کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون کی تعریف کی۔