اب تک 11 افراد جاں بحق ہوئے،بارشوں کے نقصانات پر پی ڈی ایم اے کی رپورٹ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، 20 جولائی سے اب تک بارشوں کے باعث 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارکھان 35، خضدار 18 اور قلات میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، زیارت اور پنجگور 2 جبکہ کوئٹہ اور لورالائی میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات سے متعلق پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق 20 جولائی سے اب تک بارشوں سے 343 افراد متاثرہوئے، بارشوں کے دوران مختلف حادثات سے 8 افراد ، سیلابی ریلوں کے باعث 15 گھر مکمل تباہ جبکہ 34 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں سے 62 ایکڑ پر فصلیں اور 12 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئیں، سیلابی صورتحال کے باعث 5 پلوں کو نقصان پہنچا، بارشوں کے باعث صوبے میں 82 مویشی ہلاک ہوئے۔