وزیر معدنیات پنجاب شیر علی گورچانی کی ٹھیکیدار سے ڈیل کی ویڈیو وائرل، وزیراعلیٰ مریم نواز نے انکوائری کمیٹی بنادی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کے وزیر معدنیات شیرعلی گورچانی کی ٹھیکیدار سے مبینہ ڈیل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں صوبائی وزیر اپنے موبائل فون پر کسی کو معدنیات کا بلاک دینے کا وعدہ کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صوبائی وزیر اپنے موبائل فون پر ٹھیکیدار سے گفتگو میں یقین دہانی کروا رہے ہیں کہ معدنیات کا بلاک نیلامی کے ذریعے آپ کو دیا جائے گا، اتوار کو لاہور آرہا ہوں آپ سے ملاقات ہوگی۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
وائرل ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے شیر علی گورچانی نے کہا کہ ویڈیو 4 ماہ پرانی ہے،کسی قسم کی کوئی کرپشن نہیں کی۔ میرے پاس بزرگ سیاستدان آئے جو کان لیز پر لینا چاہتے تھے، لیز ٹینڈر کے بعد نیلام کی جاتی ہے، وائرل ویڈیو میں لیز دینے کی بات صرف دلاسا دینے کے لیے کی تھی۔
شیر علی گورچانی کا کہنا تھا کہ ریکارڈ چیک کرلیں، عباس صاحب کو اگر لیز دی گئی تو میں مجرم ہوں، میرے اوپر ایک روپے کی کرپشن بھی حرام ہے، ہم پاکستان اور پنجاب کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے، وزیر معدنیات شیر علی گورچانی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ معاملے کی چھان بین کے لیے 5 رکنی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے، جو اپنی رپورٹ جلد از جلد وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ 2014 میں جب شیر علی گورچانی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی تھے تو صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے محکمہ جنگلات کی 6 ہزار 686 ایکڑ اراضی پر قبضہ کررکھا ہے۔