اسلام آباد میں گزشتہ رات سے ہلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں بارش کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتیں ٹپکنے لگیں، جس کے بعد اسپکر قومی اسمبلی نے سی ڈی اے کو ہنگامی بنیادوں پر چھتوں کی لیکج روکنے کا حکم دے دیا . چھتوں کے ٹپکنے کی وجہ سے عمارت کے اندر جگہ جگہ بالٹیاں رکھ کر حفاظتی اقدام کرنا پڑے .
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتیں ٹپکنے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے کو ہنگامی بنیادوں پر چھتوں کی لیکج روکنے کا حکم دیا . جس کے بعد چھتوں کی لیکیج ختم کرنے کیلئے سی ڈی اے فور طور پر حرکت میں آیا اور بارش کے پانی کی لیکیج روکنے کے لیے کیمیکل لگا دیا گیا .
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت کے جوڑ واٹر پروف کر دیے گئے ہیں .
خیال رہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں کہیں موسلا دھار تو کہیں ہلکی بارش ہو رہی ہے، تاہام، شہر بھر کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں کوئی خلل نہیں آیا ہے اور ٹریفک جاری ہے .
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے ضلعی انتظامیہ، ایم سی آئی اور سی ڈی اے ٹیمز فیلڈ میں موجود ہیں، مسلسل بارش کے باوجود عملہ کی جانب سے نکاسی آب کا عمل جاری ہے، نشیبی علاقوں اور نالوں کی مانیٹرنگ کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز خود موقع پر موجود ہیں .
ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک کسی شاہراہ یا علاقے میں پانی کھڑا ہونے کی شکایت موصول نہیں ہوئی، بیسمنٹ میں پانی داخل ہونے کی شکایات کو فی الفور نمٹایا گیا، شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 16 پر فی الفور رابطہ کریں .