سپر اسٹار عامر خان کا نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کا فیصلہ


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے فلموں میں نئے ٹیلنٹ کو موقع دینے کا فیصلہ کرلیا۔
عامر خان نے فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ کو پروڈیوس کرنے سے متعلق بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کےلیے مواقع پیدا کرنے کےلیے کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اب مجھے احساس ہوگیا ہے کہ اب میں ہر کہانی میں کام نہیں کرسکتا۔
کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم لاپتہ لیڈیز کی سپریم کورٹ میں ججز، ان کے خاندانوں اور اہلکاروں کےلیے اسکریننگ کی گئی۔اس دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دنوں میں ان کے پاس اپنے کیریئر کے بارے میں غور و فکر کرنے کا کافی وقت تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت میری عمر 56 سال تھی اور میں نے سوچا کہ شاید میرے پاس کام کرنے کےلیے مزید 15 سال ہوں گے اور میں 70 سال کی عمر تک کام کرتا رہوں گا مگر اس کے بعد کیا ہوگا؟
عامر خان نے مزید کہا کہ جب میں نے اس بارے میں سوچا تو میں نے ارادہ کیا کہ جو کچھ گزشتہ برسوں کے دوران میں نے سیکھا ہے اسے آنے والے نئے ٹیلنٹ کو منقل کروں، اسی لیے میں نے فلم پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ایسی کہانیاں لانا چاہتا ہوں جو میرے دل کو چھوئیں، میں تمام فلموں میں کام نہیں کرسکوں گا، لیکن میں انہیں پروڈیوس کرسکتا ہوں۔ میں نئے لکھاریوں، ہدایت کاروں، فنکاروں اور دیگر لوگوں کو پلیٹ فارم دینا چاہتا ہوں، اسی لیے لاپتہ لیڈیز میرا پہلا پروجیکٹ ہے۔
عامر خان نے یہ بھی کہا کہ وہ سالانہ چار سے پانچ فلمیں پروڈیوس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔