الیکشن کمیشن احترام کا حقدار ہے مگر کچھ ججز تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں، چیف جسٹس


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ چیئرمین الیکشن کمیشن اور ممبران احترام کے حق دار ہیں مگر بدقسمتی سے کچھ ججز تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب کی قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں دوبارہ گنتی کے معاملے میں فیصلہ جاری کردیا جسے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا ہے۔
اکثریتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران احترام کے حق دار ہیں مگر بدقسمتی سے کچھ ججز اس پہلو کو نظر انداز کرتے ہوئے تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں جب کہ ہر آئینی ادارہ اور آئینی عہدے دار احترام کا مستحق ہے ادارے کی ساکھ میں اس وقت اضافہ ہوتا ہے جب وہ احترام کے دائرہ کار میں فرائض سر انجام دے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ تین حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں 9 اور دس فروری کو آ گئی تھیں، 5 اگست 2023ء کو الیکشن ایکٹ 2017ء میں ترمیم کے ذریعے ریٹرننگ افسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا اختیار دیا گیا، جب ہائیکورٹ میں کیس گیا اس وقت یہ ترمیم موجود تھی، ہائیکورٹ نے سیکشن 95 کی ذیلی شق 5 کو مدنظر ہی نہیں رکھا۔