بشری بی بی کی 12 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست خارج
پولیس کو بشریٰ بی بی کے تمام مقدمات کی تفتیش 7 روز میں مکمل کرنے کا حکم
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔
عدالت نے پولیس کو بشریٰ بی بی سے تمام مقدمات کی تفتیش 7 روز میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ مقدمات کی مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے کہا کہ ملزم جب اتنے سارے مقدمات میں گرفتار ہو تو تفتیش ضروری ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو بھی اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،9 مئی کے مقدمات میں نامزد 500 سے زائد ملزمان کی حاضری لگائی گئی، شیخ رشید،شبلی فراز،غلام سرور،صداقت عباسی،شیریں مزاری، اعظم سواتی بھی پیش ہوگئے۔
واضح رہے کہ 30 جولائی کو راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 9 مئی کے مقدمات ملزمہ نامزد کر دیا تھا۔ بشری بی بی کو آرمی میوزیم ،جی ایچ کیو گیٹ 4 حملہ کیس، صدر کینٹ میں حساس عسکری عمارت جلانے، مری روڈ پر حساس ادارے کے دفتر پر حملے، مختلف علاقوں میں جلاؤ گھیراؤ توڑ پھوڑ، تھانہ آر اے بازار، سول لائن، نیو ٹاؤن ،سٹی ،وارث خان، ٹیکسلا تھانہ کیسوں میں نامزد کیا گیا ہے۔