ملک میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی، سلسلہ 18 اگست تک جاری رہنے کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں یوم آزادی 14 اگست سے 18 اگست تک پنجاب، خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جن کے باعث ملک میں طوفان باد وباراں اور گرج چمک کے ساتھ 4 روز تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی اَبر آلود رہنے کا امکان ہے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں 14 اگست سے 18 اگست تک مون سون بارشوں کے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ان علاقوں کے علاوہ حافظ آباد، وزیر آباد، ساہیوال، جھنگ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس کے علاوہ قصور، خوشاب اور سرگودھا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے متوازی خیبرپختونخوا کے علاقوں میں 14 سے 18 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، باجوڑ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے۔
مزید برآں 15 سے 18 اگست تک بلوچستان اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پی ایم ڈی کی جانب سے رواں سال پاکستان میں مون سون سیزن معمول سے زیادہ گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جن کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے یہاں موسم شدید اور معمول سے زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے۔