کوہ پیما مراد سدپارہ کا جسد خاکی اسکردو منتقل کردیا گیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گلگت بلتستان میں موجود چوٹی براڈ پیک کو سر کرکے واپسی پر سر میں پتھر لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے کوہ پیما مراد سدپارہ کا جسد خاکی اسکردو منتقل کردیا گیا۔
مراد سدپارہ کے جسد خاکی کو سی ایم ایچ سے سدپارہ گاؤں پہنچانے کے بعد تدفین آبائی علاقے میں ہوگی۔
پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے کہاکہ یہ بتاتے ہوئے میرا دل ٹوٹ رہا ہے کہ مراد سدپارہ اب ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ براڈ پیک سے نیچے اترنے کے دوران اس کے سر پر پتھر لگ گیا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔
انہوں نے کہاکہ مراد سدپارہ نے کوہ پیمائی کے دوران بہت سے لوگوں کی زندگی بچانے میں کردار ادا کیا اور حسن شگری کی لاش کو کے ٹو کی رکاوٹوں سے نیچے لایا۔
نائلہ کیانی نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ بروقت ریسکیو کے لیے پرائیوٹ ہیلی کاپٹر موجود ہو تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ریسکیو کیا جائے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا کہ سہولیات یہاں پر سہولیات دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے مراد سدپارہ اب ہم میں نہیں رہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پاکستانی کوہ پیما مراد سدپارہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوہ پیمائی کے شعبے میں مراد سدپارہ کی خدمات قابل تحسین ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے مراد سدپارہ کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔