اسلام آباد

یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے سیکیورٹی گائیڈ لائنز جاری،ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کیلئے ٹاسک فورس قائم


لاہور(قدرت روزنامہ)محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کے نام جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات کی سیکیورٹی کے تناظر میں تمام صوبائی اور اضلاعی داخلی خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام اہم عمارتوں، دفاتر اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کیلئے ضرورت کے مطابق اضافی نفری تعینات کی جائے۔ صوبہ بھر میں تقریبات سے قبل فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور یوم آزادی کی تمام تقریبات سے قبل سپیشل برانچ سے وینیو کی ٹیکنیکل سویپنگ ضرور کروائی جائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت ترین ایکشن کی ہدایت کی ہے اور ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کا کہا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کیلئے پنجاب بھر میں ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔ بڑے شہروں میں چیف ٹریفک آفیسر اور چھوٹے شہروں میں ڈی ایس پی ٹریفک ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات عملے کی خصوصی بریفنگ کا اہتمام کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سیکیورٹی پر تعینات عملہ تقریبات کے اختتام اور شرکاء کی پرامن روانگی تک ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔ بازاروں، پارکس اور شاپنگ مالز کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اور اہم مقامات پر پولیس کے ایس او پیز کے مطابق موثر ناکہ بندی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ اور سول ڈیفنس کے عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور ضروری ادویات کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔ فورتھ شیڈول میں موجود افراد اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر کی بھی ہدایت کی گئی ہے اور سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کیلئے انٹیلیجنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشن کرنے کا کہا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلے میں ہدایت دی ہے کہ بڑے شہروں میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا جائے اور عوامی آگاہی کیلئے ٹریفک ڈائیورژن پلان کی مناسبت تشہیر یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ خبریں