اسلام آباد

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی 77ویں آزادی کا جشن، 10 ہزار سے زائد افراد کی شرکت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی آزادی کے 77 سال کے موقع پر ’ایمریٹس لوز پاکستان‘ کی تقریب میں 10ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ پاکستان کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر رواداری اور باہمی ہم آہنگی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور کئی معززین اور سفارت کاروں کے ساتھ 77ویں سالگرہ کی شاندار تقریب میں شرکت کی۔
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہونے والی اس تقریب نے 10ہزار سے زائد شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے گورنمنٹ میڈیا آفس نے ’ایمریٹس لوز پاکستان‘ پیج، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، دبئی پولیس اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے اشتراک سے منعقد کیا تھا۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے تعلقات کو پروان چڑھانے اور مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے عزم پر زور دیا۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ ہمارے ثقافتی، سیاسی، تجارتی اور عوام کے درمیان روابط مشترکہ اقدار اور عقائد میں گہرے جڑے ہوئے ہیں اور ہمارے قریبی تعلقات کے لیے اب اور مستقبل میں ایک مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
ہمارے پاس دنیا کے کونے کونے میں ترقی اور امن کے حصول کے لیے امید اور پختہ عزم بھی ہے، ہم عالمی معاملات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات دونوں کے ابھرتے ہوئے اور بڑھتے ہوئے خصوصی مقام سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے مزید کہا کہ آپ کے ملک کے 77ویں یوم آزادی کے اس خاص موقع پر ہمیں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے ممالک اپنے خطے اور مستقبل کے لیے امید اور رجائیت پیش کرنے پر فخر ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ہمیں علاقائی اور عالمی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کام کرنے پر فخرہے۔
اس تقریب میں پاکستان کے بھرپور ثقافتی تنوع کی نمائش کی گئی، جس میں روایتی موسیقی اور رقص کے ساتھ ساتھ پاکستانی دستکاری کی نمائشوں سمیت متعدد پرفارمنسز پیش کی گئیں۔ پروگرام میں یو اے ای کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو بھی منایا گیا، جس میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں ان کا کردار بھی شامل ہے۔
یو اے ای گورنمنٹ میڈیا آفس کی ڈپٹی چیئرپرسن عالیہ الحمادی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جشن متحدہ عرب امارات اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔
الحمادی نے نوٹ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مختلف شعبوں پر محیط ہے، اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ متحدہ عرب امارات بڑے منصوبوں کے نفاذ کے ذریعے پاکستان میں پائیدار ترقی کی حمایت کرنے کا خواہاں ہے۔
اس خصوصی تقریب میں شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے متعدد ممتاز پاکستانی شخصیات کو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر اعزاز سے نوازا۔
اعزاز پانے والوں میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام شامل تھے، جنہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سب سے بڑے کمیونٹی سینٹر کے قیام میں ان کی کاوشوں کو تسلیم کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے میڈیکل سینٹر، جی سی سی میں پہلی غیر منافع بخش صحت کی دیکھ بھال کی سہولت، اپنے قیام سے لے کر اب تک ہزاروں لوگوں کو سستی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرچکی ہے۔
دیگر قابل ذکر اعزاز حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر یارجان عبدالصمد خلیفہ یونیورسٹی، یو اے ای میں ایرو اسپیس انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر اور دی یونیورسٹی آف کیمبرج میں سینئر ریسرچ ایسوسی ایٹ اور سینئر ٹیچنگ فیلو ہیں۔
ان کا تحقیقی کام خلائی اور ایرو اسپیس کے لیے گرافین اور 2 ڈی مواد پر مبنی ٹیکنالوجیز تیار کرنے پر مبنی ہے۔ وہ یورپی خلائی ایجنسی کی زیرو گریویٹی پروازوں پر سائنسدانوں کی ٹیم میں شامل تھے جو مائیکرو گریوٹی میں گرافین کا تجربہ کرنے والے پہلے شخص تھے۔
معروف راوی ریسٹورنٹ کے بانی شیف چوہدری عبدالحمید کو بھی دبئی کے بہترین پکوانوں کی تیاری کی وجہ سے چنا گیا ہے۔ مزید برآں، کریم کے شریک بانی مدثر شیخہ کو خطے میں نقل و حمل کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے پر تعریفیں ملیں۔
نور(NORR) کے صدر اور ڈیزائن ڈائریکٹر یحییٰ جان کو فن تعمیر میں ان کی شراکت کے لیے اعزاز سے نوازا گیا، جس میں آنے والے سییل ٹاور کا ڈیزائن بھی شامل ہے جو دنیا کا سب سے اونچا ہوٹل ہوگا۔
اس تقریب میں نامور پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا، جن میں نائلہ کیانی شامل ہیں، وہ 8ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 11 بلند ترین چوٹیاں سرکرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، اور مجموعی طور پر تیسری پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
کرکٹ لیجنڈ شاہد آفریدی کو ان کی ریکارڈ ساز کامیابیوں اور فلاحی کاموں کے لیے اعزاز سے نوازا گیا، اسکواش چیمپئن جہانگیر خان اور ہاکی اسٹار شہباز احمد کو بھی ان کے شاندار کھیلوں کے کیریئر کی وجہ سے نوازا گیا۔
متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، جو اسٹریٹجک شراکت داری اور بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات سے تقویت یافتہ ہیں۔
واضح رہے مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کے 1971 کے دور کے بعد سے متحدہ عرب امارات پاکستان میں ترقی کا ایک بڑا حامی رہا ہے۔ اس شراکت داری میں اہم سرمایہ کاری شامل ہے، جس میں متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں پاکستان میں امید افزا شعبوں کے لیے 10 بلین امریکی ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں