اداکارہ نمرہ خان نے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنادی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے ہمت و حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔
نمرہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں انکشاف کیا کہ انہیں گزشتہ روز گن پوائنٹ پر اغوا کرنے کی کوشش کی گئی جسے انہوں نے ناکام بنا دیا۔
اداکارہ نے روتے ہوئے کہا، ’ہم زندہ قوم ہیں مگر یہ ویڈیو اس قوم کی بڑائی بیان کرنے کے لیے نہیں، کل جو میرے ساتھ ہوا وہ خوفناک تھا، کیا آپ چاہیں گے کہ آپ کی بیٹی، بیوی یا بہن کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو۔‘
نمرہ خان نے سوال کیا کہ کیا آپ اپنی بیٹی، بیوی یا بہن کو پاکستان میں محفوظ طریقے سے گھر سے باہر بھیج سکتے ہیں۔ نمرہ نے کہا، ’نہیں آپ انہیں نہیں بھیج سکتے، میں گارنٹی سے کہتی ہوں کہ وہ یہاں محفوظ نہیں ہیں۔‘ ’آپ لوگوں کو پتا ہے کہ جب لڑکیاں پاکستان میں محفوظ نہیں ہیں تو 14 اگست منانا انتہائی تکلیف دہ ہے۔‘
نمرہ خان نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میں کل ایک ہوٹل کے باہر کھڑی اپنی کار کا انتظار کررہی تھیں کہ 3 نامعلوم افراد وہاں آئے اور انہوں نے مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی، انہوں نے مجھے ہراساں بھی کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرے پاس بیگ اور موبائل فون تھا، میں اپنی فیملی کا انتظار کررہی تھی، اس وقت بارش ہورہی تھی، ان تینوں نے مجھ پر اسلحہ تان رکھا تھا اور وہ مجھے کھینچ کر اپنی گاڑی کی طرف لے جارہے تھے۔
نمرہ خان نے مزید بتایا کہ اس وقت میں نے اپنا تحفظ خود ہی کیا اور ایک آدمی کو دھکا دے کر دوسری طرف بھاگنا شروع کردیا، وہ مجھ پر گولی چلا سکتے تھے، بھاگتے ہوئے میں ایک گاڑی کے سامنے آئی، گاڑی میں موجود فیملی اور ہوٹل اسٹاف نے میری مدد کی۔
نمرہ خان نے کہا کہ میں ٹیکس ادا کرتی ہوں لیکن اس ملک میں محفوظ نہیں ہوں، میں ٹیکس کی رقم سے گارڈز کو نوکری پر رکھ سکتی ہوں، اب مجھے پتا چلا ہے کہ لوگ کیوں اپنے ساتھ گارڈز رکھتے ہیں اور لوگ کیوں پاکستان سے باہر جارہے ہیں۔
نمرہ خان کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ سے ہمدردی کا اظہار اور حکومت سے اغوا کی کوشش کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔