سیکریٹری دفاع، داخلہ، آئی جی اور ڈی جی ایف آئی اے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ذاتی حیثیت میں طلب
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے 2 لاپتا بھائیوں کی بازیابی کیلئے دائر درخواست کے حوالے سے سیکریٹری دفاع، سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔ اظہر مشوانی کے بھائی پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن 6 جون سے لاپتا ہیں۔
عدالت میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل بولے کہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ پہلے ہی فائل ہو چکی ہے۔سیکیورٹی اداروں کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں سے متعلق کچھ معلوم نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تمام فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کروں گا۔
عدالت نے سیکریٹری دفاع، داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو 15 اگست کو طلب کیا ہے اور کہا ہے کہ فریقین جواب دیں کہ کیوں نا ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
آج عدالت میں اظہر مشوانی کے والد کی طرف سے وکلا سردار مصروف اور آمنہ علی مرتضیٰ طوری پیش ہوئے تھے۔