آزادی کے 77سالوں بعد بھی ملک اشرافیہ کے قبضے میں ہے، عمران خان کا قوم کے نام پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کا جشن آزادی کے موقع پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ پیغام جاری کیا گیا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی پیغام میں عمران خان نے کہا کہ جس ملک کے نوجوانوں کی امید ختم ہو جائے اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں، پاکستان کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اپنے مفادات کے لیے آئی ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اے آئی پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت نازک موڑ پر کھڑا ہے، آزادی کے 77سال بعد بھی ملک اشرافیہ کے قبضے میں ہے، اس اشرافیہ کا یہاں کچھ بھی نہیں ہے گھر، دولت اور اولاد پاکستان سے باہر ہے، اور صرف لوٹ مار کے لیے یہاں بیٹھے ہیں۔
بنگلہ دیش نے اپنے مختصر وقت میں 2بار آزادی حاصل کی ہے، ان کے معاشی حالات بہتر ہونے کے باوجود لوگوں نے ظلم برداشت نہیں کیا، پورا نظام حسینہ واجد کے قبضے میں ہونے کے باوجود عوام کھڑی ہوئی اور ان کا دھڑن تختہ کیا۔ پاکستان کے تو معاشی حالات تو بنگلہ دیش سے بھی بدتر ہیں۔
پاکستان میں بھی بنگلہ دیش کی طرز پر ہی الیکشن چوری کیا گیا، وہاں تو پارٹی کو الیکشن لڑنے ہی نہیں دیا گیا اور یہاں جس پارٹی کو عوام نے ووٹ دیا اسکا ووٹ چوری کرکے کرپٹ حکمرانوں کو مسلط کردیا گیا۔ جعلی حکومت صرف اور صرف اشرافیہ کی نمائندہ ہے عوام کی نمائندہ نہیں۔
پاکستان میں ظلم و جبر کی اس حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے پہاڑ توڑے، پاکستان دنیا کی پہلی مثال ہے ہے کہ جس میں عوام کے بجائے اپنے مفاد کو سامنے رکھ کر قانون سازی کی جارہی ہے، چیف جسٹس کو ساتھ ملا کر قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے اور نوجوانوں کی امید ختم ہورہی ہے۔
جو قومیں اپنے سامنے مستقبل کو سیاہ ہوتا دیکھتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں، میرا پیغام ہے کہ قوم اپنے آپ کو حقیقی آزادی کے لیے تیار کرے، میں ایک سال سے جیل میں بند ہوں لیکن یہ لوگ مجھے میرے موقف سے نہیں ہٹا پائے اور کبھی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
اگر اسی طرح چلتا رہا تو ہم ملک کو اپنی نظروں کے سامنے تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ جلد ہی ملک بھر سے حقیقی آزادی کے لیے گھروں سے نکلنے کی کال دوں گا۔ اس ملک میں آئین قانون کی حکمرانی قائم ہونے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔