پاکستان کو باہر کے نہیں اندر کے دشمن سے خطرہ ہے، محمود خان اچکزئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کو باہر کے نہیں اندر کے دشمن سے خطرہ ہے۔ علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آج بھی آئین کا فقدان ہے۔اسلام آباد میں علامہ راجا ناصر عباس کے ہمراہ پریس کانفرنس میں محمود اچکزئی نے کہا کہ 14 اگست کے حوالے سے کانفرنس بلائی جانی تھی، تمام رہنما مختلف شہروں میں مصروف ہیں اس لیے کانفرنس نہ ہوسکی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین کی بحالی کیلئے کام کریں، اس لیے ہم نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی بنیاد رکھی ، آج ہمارے ساتھ سندھ کی ایک پارٹی شامل ہوئی ہے، ہم جلد سندھ کا بھی دورہ کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ستر سال میں ہم فری تعلیم نہیں دے سکے، اب تو کرپشن سیاسی جماعتوں میں بھی آگئی ہے، نئے اور جمہوری پاکستان کی بنیاد رکھتے ہیں، جہاں سب کو ان کا حق ملے کوئی فرقہ بازی نہ ہو۔محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کا بننا کسی معجزے سے کم نہیں ہے، اب دانشمندی سے نئے سرے سے پاکستان کی شروعات ہونی چاہیے۔ انسانوں کی سب سے بڑی نعمت آزادی ہے، پاکستان بن گیا قائدین نے عہد اور وفا کا دامن تھام لیا۔اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ 14 اگست پاکستان کی آزادی کا دن ہے، ملک میں آج بھی آئین کا فقدان ہے، 14 اگست کے دن جو مسائل ہیں، وہ آئین اور قانون کے نہ ہونے کی وجہ سے ہیں۔