کوشش کریں گے کہ لوگوں کو جلد اور سستا انصاف ملے، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد ہاشم کاکڑ نے کہا ہے کہ وسائل نہ ہونے کے باوجود ہم اٹامک کلب کے ممبر بن چکے ہیں۔بلوچستان ہائی کورٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے کہا کہ کچھ شعبوں میں ہم دنیا کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں، ہر ادارہ کوشش کرے کہ سب کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سب کوشش کریں کہ قانون و آئین کا احترام اور اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہو، کوشش کریں گے کہ لوگوں کو جلد اور سستا انصاف ملے۔ ان کا کہنا ہے کہ سینئر وکلا اپنی چیمبرز کے دروازے جونیئرز کے لیے کھول دیں۔چیف جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے پودا لگا کر گرین کورٹس مہم کا افتتاح کر دیا۔چیف جسٹس محمد ہاشم کاکڑ کا کہنا ہے کہ آج سے ہم گرین کورٹس مہم کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، اس کے تحت ہائی کورٹ کے احاطے میں درخت لگائے جائیں گے، تمام ججز بھی ایک ایک درخت لگائیں گے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔