وفاقی وزیر کا جشن آزادی منانے کا انوکھا انداز، ہزاروں موٹرسائیکل سواروں میں مفت پیٹرول تقسیم کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے انوکھے انداز سے جشن آزادی مناتے ہوئے 10 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کو 5-5 لیٹر مفت پیٹرول تقسیم کردیا جبکہ 5 ہزار سے زائد رکشوں میں بھی 5-5 لیٹر پیٹرول مفت تقسیم کیا جائے گا۔
چنیوٹ سے منتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر بحری امور قیصراحمد شیخ نے اعلان کیا تھا کہ یوم آزادی کے دن جو بھی ان کے ڈیرے پر موٹرسائیکل پر پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے آئے گا اسے مفت 5 لیٹر پیٹرول دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کی جانب سے یوم آزادی کے دن صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک 10 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کو مفت 5-5 لیٹر پیٹرول دیا گیا اور 15 اگست کو 5 ہزار سے زائد رکشوں کو یہی سہولت مفت دی جائے گی۔
قیصراحمد شیخ کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے اس موقع پر عوام کو خوشخبری سناتا ہوں کہ نہ صرف بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جا رہی ہے بلکہ 200 یونٹس تک مفت بجلی بھی دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کا جو بھی بچہ میرٹ پر کسی کالج یا یونیورسٹی میں داخلہ لیتا ہے اس کے تمام اخراجات خود اُٹھانے کو تیار ہوں اسی طرح شادی کے موقع پر ہماری طرف سے ہر بچی کو تحفہ بھی دیا جائے گا۔