معروف یوٹیوبر لاپتا: کیا عون کھوسہ کو ’بِل بِل پاکستان‘ کا مزاحیہ ترانہ بنانے کی سزا ملی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یومِ آزادی کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پریشان عوام کے لیے ’بِل بِل پاکستان‘ کے نام سے گانا ریلیز کرنے والے معروف یو ٹیوبر اور آرٹسٹ عون علی کھوسہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر حراست میں لے لیا گیا . عون کھوسہ کے بھائی علی شیر کھوسہ نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آدھی رات کو نا معلوم مسلح افراد نے ان کے بھائی عون کھوسہ کو حراست میں لے لیا ہے، انہوں نے صارفین سے اپنے بھائی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس خبر کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں کیونکہ یہ ان کے خاندان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے .

عون کھوسہ کو حراست میں لیے جانے کی خبر کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے حوالے سے پیروڈی نغمہ بنانا ان کا جرم بن گیا ہے اور انہیں اسی کی سزا دی گئی ہے . ایک صارف نے لکھا کہ انہیں لگتا ہے کہ عون کھوسہ کے پیروڈی گانے کی وجہ سے انہیں نا معلوم افراد کی جانب سے حراست میں لیا گیا ہے انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتنی شرم کی بات ہے کہ لوگوں سے طنز بھی برداشت نہیں ہوتا . پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عون کھوسہ کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی عوام کو جینے دیں، ہماری اخلاقی اقدار اور جمہوریت کو مزید تباہ نہ کریں . اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عون کھوسہ اور تمام مغوی لوگوں کو رہا کیا جائے کیونکہ یہ ناقابل قبول اورغیر قانونی ہے . عمران افضل راجہ کا کہنا تھا کہ عون کھوسہ انتہائی شریف النفس اور اپنی حدود کے اندر کام کرنے والا آرٹسٹ ہے جس نے کبھی کسی کی تضحیک نہیں کی، ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کو ان کے لطیف مزاح سے بھی مسئلہ ہے تو بہتر ہے پاکستان کی بجائے کسی افریقی ملک کو چن لیں کیونکہ عون کھوسہ کو غائب کرانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے . بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعرہ نوشی گیلانی لکھتی ہیں کہ عون علی کھوسہ بھی لاپتہ کر دیئے گئے، نقاب پوش آئے اور ساتھ لے گئے . وجاہت سمیع نے کہا کہ عون علی کھوسہ کو بِل بِل پاکستان کا مزاحیہ ترانہ بنانے پر اغوا کیا گیا ہے کیونکہ اس ترانے میں عوام کو احساس دِلایا گیا ہے کہ ایسی آزادی کا کیا فائدہ جس میں آپ آزادی کے 77ویں سال تک بھی غربت اور بے بسی کی زندگی گزار رہے ہیں . واضح رہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر ریلیز کیا گیا عون کھوسہ کا گانا ’بل بل پاکستان‘ تیزی سے مقبول ہو رہا تھا تھا اور اسے عوام کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی تھی، صارفین کا کہنا تھا کہ عون چوہدری نے مزاحیہ کانٹینٹ کے ذریعے عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے . . .

متعلقہ خبریں