اسلام آباد؛ بھارتی یوم آزادی پر ہائی کمیشن کے باہر کل جماعتی حریت کانفرنس کا احتجاج


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بھارت کے یوم آزادی پر بھارتی ہائی کمیشن (اسلام آباد) کے باہر کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
کشمیری عوام آزاد و مقبوضہ جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں بھارتی یوم آزادی پر آج 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کل جماعتی حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شرکا نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے نعرے لگائے۔
احتجاج کے شرکا نے سیاہ جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرے میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ آج 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر عوام یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کی جانب سے یوم سیاہ کے حوالے سے احتجاج، تقاریب اور سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ تعلیمی ادارے ، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ بھارتی مظالم اور غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں نے گھروں پر سیاہ پرچم لہرا رکھے ہیں۔
قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے اضافی نفری تعینات کردی ہے۔اہم شاہراہوں کو خاردار تار لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔ متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔