وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعرات کو ایک روزہ دورے پر تربت پہنچے


وزیراعلیٰ بلوچستان شہید ذاکر بلوچ کے گھر پہنچ گئے ،شہید کے والد سے فاتحہ خوانی و تعزیت
تربت(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعرات کو ایک روزہ دورے پر تربت پہنچے ، کمشنر مکران داؤد خلجی ، ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل اِبراھیم اور دیگر حکام نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا تربت ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی، بخت محمد کاکڑ رکن صوبائی اسمبلی محترمہ مینا مجید ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان شہید ذاکر بلوچ کے گھر گئے جہاں انہوں نے شہید کے والد کنر بلوچ سے فاتحہ خوانی و تعزیت کی اور شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی ۔

شہید کے والد اور موجود عزیز و اقارب سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ شہید ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت نوجوان افسر تھے شہید ذاکر بلوچ کی قربانی وطن کے لیے مشعل راہ ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ شہید کا خوں کبھی رائیگاں نہیں ہوتا ، ملک و قوم کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں۔
ذاکر بلوچ کا خون سرزمین بلوچستان اور یہاں کے لوگوں کی خدمت اور تحفظ کے لئے بہا شہید کے پسماندگان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ذاکر بلوچ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔