فوج اگر اندرونی احتساب چاہتی ہے تو ضرور کرے، اس معاملے سے میرا لینا دینا نہیں، عمران خان


احتساب کرنا ہے تو سب کا احتساب کریں، فیض حمید کو ہٹانے کے معاملے پر باجوہ سے میری تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، سابق وزیراعظم
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فیض حمید کا احتساب اچھی بات ہے، فیض حمید سے تفتیش فوج کا اندرونی معاملہ ہے، فوج اگر اندرونی احتساب چاہتی ہے تو ضرور کرے، اس معاملے سے میرا کوئی لینا دینا نہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جنرل فیض حمید ہمارا اثاثہ تھا جسے ضائع کر دیا گیا، فوج فیض سے تفتیش کررہی ہے، یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے مجھے اس سے کیا؟۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل فیض حمید کا احتساب کررہے ہیں اچھی بات ہے لیکن پھر یہ سب کا احتساب کریں، آئی بی کی رپورٹس تھیں موجودہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ہر وقت جنرل باجوہ کے پاس بیٹھے رہتے تھے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ نے نواز شریف اور شہباز شریف کے کہنے پر جنرل فیض کو ہٹایا تھا، جنرل فیض حمید کو ہٹانے پر میری جنرل باجوہ سے سخت تلخ کلامی ہوئی تھی، وزیردفاع نے جنرل باجوہ کی ایکسٹینشن کی بات کر کے میرے مؤقف کی تائید کی ہے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلہ پرعمل نہ کرکے یہ آئین کی تیسری مرتبہ خلاف ورزی کریں گے، پی ٹی ائی کو مخصوص نشستیں نہ دینے اور آئین کی خلاف ورزی پرمیں پارٹی کو ابھی سے تیار کررہا ہوں۔