فارم 47 کے وزیراعلیٰ نے میرٹ کی دھجیاں اڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پشتونخوا میپ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی میرٹ کی باتیں مضحکہ خیر ہے ، میرٹ کا نعرہ لگانے والوں نے میرٹ کی دھجیاں اڑانے میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر اہتمام مائنز لیبرز کے بچوں کو اسلام آباد میں تعلیم کیلئے بھیجا جانا تھا جس میں صرف ایک ضلع سے اکثریت بچوں کو شامل کرکے صوبے بھر کے مائنز ورکرز اور ان کے بچوں کی بدترین حق تلفی کی گئی ہے جس کی پشتونخوامیپ نہ صرف مذمت کرتی ہے بلکہ مطالبہ کرتی ہے کہ میرٹ کے مطابق تمام ورکرز کے بچوں کو جو حقدار اور مستحق ہیں ان کو داخلے کیلئے بھیجا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مزدروں کے بچوں کے لیے اسلام آباد کے ریزیڈنشل اسکول میں ورکر زویلفیئر بورڈ کی توسط سے داخلے دینے کے عمل کو فارم 47 کے غیر آئینی وزیراعلیٰ کی جانب سے یکسر مسترد کرکے نہ کوئی ٹیسٹ کا انعقاد اور نہ ہی کسی میرٹ کو ملحوض خاطر رکھا گیا اورراتوں رات فہرستیں بناکر اکثریت سیٹوں کے لیے صرف ضلع ڈیرہ بگٹی کے طلبا کو نامزد کرکے گزشتہ روز انھیں اسلام آباد بھیجنے کے لیے رخصت کرنے کی تقریب کا انعقاد بھی کرلیا گیا اور صوبے کو صرف ایک ضلع میں تبدیل کردیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کی حکومت جس طرح خود بغیر عوامی مینڈیٹ کے آئی ہے اسی طرح یہ اقرباءپروری ،میرٹ کے برخلاف اقدامات ، کرپشن وکمیشن کے ذریعے ہی مستحق لوگوں کی حق تلفی کے اقدامات کے مرتکب ہونگے ۔ عوام کے اقتدار کی کرسی پر زر و زور ، دھاندلی سے آنیوالوں نے میرٹ، صلاحیت ، قابلیت کو پس پشت ڈال دیا ہے ۔گزشتہ ایک ماہ سے صوبے بھر سے غریب مزدوروں کے بچوں نے اس سکالرشپ کے لیے مختلف ڈاکومنٹس کو جمع کرکے اپلائی کیے تھے اور اس ٹیسٹ کے لیے مختلف سینٹرز میں تیاری کے لیے بھاری فیسیں دے کر داخلے بھی لے رکھے تھے لیکن نااہل حکومت پورے صوبے کے غریب مزدوروں اور ان کے غریب بچوں کہ حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے تمام طلبا کو صرف ایک ہی ضلع ڈیرہ بگٹی سے منتخب کرکے ناجائز اور ناروا عمل کی ایک اور مثال قائم کر دی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں پہلے ہی مزدوروںکو ان کے جائز حقوق نہیں دیئے جارہے ہیں ،مزدور اپنی تنخواہ سے اپنے بچوں کے مستقل کیلئے فنڈزجمع کرتے ہیں ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے اور ان کے بچوں کی حق تلفی کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ اس ناروا ، میرٹ کے برخلاف فہرستوں کو منسوخ کرکے حقدار ، مستحق طلباءکی میرٹ پر داخلوں کو یقینی بناکر انہیں اسلام آباد بھیجنے کیلئے اقدامات کرے۔