خاتون ٹک ٹاکر کو بیہوش کرکے نازیبا تصاویر بنانے اور وائرل کرنے والے مجرم کو 9 سال قید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی نے ایک خاتون ٹک ٹاک اسٹار کی نازیبا تصاویر وائرل کرنے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ایک شخص کو مجموعی طور پر 9 سال قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے لطف علی کو 9 سال قید کی سزا سنانے کے علاوہ اس پر 60 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو اضافی سزا بھگتنی پڑے گی۔
ٹک ٹاکر کے ساتھ اندوہناک واقعہ کیسے پیش آیا تھا؟
مدعی ٹک ٹاک اسٹار نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں شکایت درج کروائی تھی۔ خاتون کے مطابق مجرم نے ایک پروجیکٹ میں ساتھ کام کرنے کے لیے اپنے گھر بلایا تھا جہاں جوس میں نشہ آور دوائی ملا کر پلادینے سے وہ اور ان کی والدہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔
خاتون نے یہ بھی بتایا تھا کہ ہوش میں آنے پر انہیں معلوم ہوا کہ ان کی غیر اخلاقی تصاویر لے لی گئیں ہیں جو ملزم کے موبائل میں محفوظ ہیں۔ بعد ازاں تصاویر دوسرے لوگوں سے بھی شیئر کردی گئیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ لطف علی نے خاتون کی تصاویر وائرل کرکے اس کے وقار کو مجروح کیا اور استغاثہ ملزم پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
مجرم کو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے گرفتار کیا تھا اور اسے پیکا ایکٹ کے تحت سزائیں سنائی گئیں۔