جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستانیوں کی تمام ای میلز کیوں بلاک کیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان سے ملنے والی تمام ای میلز کو بلاک کر دیا ہے۔
جمعہ کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ہینڈل‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں بانی تحریک انصاف کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ پاکستان سے کچھ لوگ قانونی طور پر مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مجھے سائبر ہراسمنٹ آپریشن کے باعث پاکستان سے آنے والی تمام ای میلز کو بلاک کرنا پڑا ہے۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے مزید لکھا کہ بلاشبہ مجھے اس کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مایوس مخالفین کی طرف سے اکسایا گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ چونکہ ٹوئٹر ایکس پر اب پاکستان میں ان مایوس مخالفین نے پابندی عائد کر رکھی ہے، یہ صرف وی پی این رکھنے والے ہی دیکھ سکیں گے۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے مزید لکھا کہ ’پاکستانی سیاست‘ یہ وہ تحفہ جو 20 سال پہلے ملک چھوڑنے کے بعد بھی ملتا رہتا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک میں سوشل میڈیا پر ملک مخالف پروپیگنڈے کو روکنے کے لیے انٹرنیٹ پر فائروال لگا دیا ہے، جس کے بعد ایکس، فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سست روی کا شکار ہیں۔
حکومت کی طرف سے فائر وال کے انسٹال کرنے کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں، جس سے ان لائن کاروبار کرنے والے کاروباری حضرات کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔