کرنٹ لگنے سے باپ کی موت پر بیٹی نے کے الیکٹرک کیخلاف ہر جانے کا دعویٰ کردیا


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے لانڈھی مجید کالونی میں کرنٹ لگنے سے انتقال کرجانے والے گلزار نامی شہری کی بیٹی نے سٹی کورٹ میں سینیئر سول جنوبی کی عدالت میں کے الیکٹرک کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث ان کے والد کا کرنٹ لگنے سے انتقال ہوا۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق مرحوم گلزار لانڈھی مانسہرہ کالونی کا رہائشی تھا اور ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا،20 جولائی کو کام سے واپس گھر جاتے ہوئے مجید کالونی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔
عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق سڑک پر جمع پانی میں بجلی کا تار گرا ہونے سے کرنٹ موجود تھا، واقعے کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے، ریسکیو اداروں نے بڑی مشکل سے جاں بحق شہری کی لاش وہاں سے نکال کر اسپتال منتقل کی۔
درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف ہے کہ بجلی کی فراہمی اور انفراسٹکچر کی مرمت کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث 6 بچوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل جان سے گیا، مرحوم کی بیٹی نے کے الیکٹرک کے خلاف جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دعوی دائر کیا ہے۔
درخواست گزار نے کے الیکٹرک کے خلاف 3 کروڑ 92 ہزار روپے ہرجانے کا دعوی کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اپنایا ہے کہ انہوں نے پولیس کو کے الیکٹرک کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی درخواست دی، پولیس واقعے کا مقدمہ درج نہیں کررہی، عدالت پولیس کو کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔