پنجاب میں بارشیں؛ دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ


لاہور(قدرت روزنامہ) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور ہوائیں چلنے سے حبس و گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، پی ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون بارشوں کا سلسلہ 20 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، گجرات، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال میں بارشیں متوقع ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات ہیں۔
ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے چناب میں آئندہ 24 گھنٹوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ۔ دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔ شہری احتیاط کریں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔