2025 میں ‘پرائڈ آف پرفارمنس’ کن فنکاروں کو ملے گا؟ فہرست جاری


کراچی(قدرت روزنامہ) اگلے سال 2025 میں جن پاکستانی فنکاروں کو ‘پرائڈ آف پرفارمنس’ ایوارڈ سے نوازا جائے گا، اُن کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ہر سال کی طرح، اس بار بھی جشن آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ یہ سول ایوارڈز اگلے سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر دے جائیں گے۔
اس سال حکومتِ پاکستان نے شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے صرف تین فنکاروں کو ‘پرائڈ آف پرفارمنس’ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔
فریحہ پرویز:

‘پرائڈ آف پرفارمنس’ کے ایوارڈ کی فہرست میں پہلا نام معروف گلوکارہ فریحہ پرویز کا نام ہے جو گزشتہ تین دہائیوں سے گلوکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
فریحہ پرویز نے کئی ہٹ گانے گائے ہیں، وہ اپنے مشہور ہٹ گانے ‘دل ہوا بو کٹا’ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، اس گانے نے فریحہ پرویز کو راتوں رات اسٹار بنا دیا تھا، اُنہوں نے کئی ہٹ پنجابی گانے بھی گائے ہیں، مداح اُن کی مقبول غزلوں کو آج بھی بہت پسند کرتے ہیں۔
موسیقی کے علاوہ فریحہ پرویز نے پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے، وہ ‘عینک والا جن’ سمیت چند ڈراموں میں نظر آئیں، وہ اپنے سُپر ہٹ البمز کی وجہ سے کئی ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔
فریحہ پرویز کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے سال 2025 میں ‘پرائڈ آف پرفارمنس’ سے نوازا جائے گا۔
شیبا ارشد:

پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کے کلاسیکل کامیڈی ڈرامہ ‘سونا چاندی’ میں چاندی کا کردار ادا کرنے والی سینیئر اداکارہ شیبا ارشد کو اگلے سال یومِ پاکستان کے موقع پر ‘پرائڈ آف پرفارمنس’ سے نوازا جائے گا۔
حامد رانا:

پی ٹی وی کے کلاسیکل کامیڈی ڈرامہ ‘سونا چاندی’ میں سونا کا کردار نبھانے والے کامیڈین اداکار حامد رانا نے کئی سالوں تک اپنی مزاحیہ اداکاری سے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری ہیں۔
کردار ‘سونا’ سے شہرت پانے والے سینیئر اداکار حامد رانا کو بھی سال 2025 میں ‘پرائڈ آف پرفارمنس’ ملے گا۔
ثنا سفیناز:

پاکستانی فیشن انڈسٹری کی معروف ڈیزائنر ثنا ہاشوانی اور سفیناز منیر کو فیشن کی دُنیا میں خدمات سرانجام دینے پر اگلے سال حکومت پاکستان کی جانب سے ‘ستارہ امتیاز’ سے نوازا جائے گا۔