اب اگر 9 مئی ہوا تو اس کی ذمہ داری میں لوں گا، شیرافضل مروت


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ جلسے جلسوں کی پلاننگ میں کروں گا۔ کوئی 9 مئی ہوا تو اس کی ذمہ داری لوں گا۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے 22 اگست کے جلسے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ جلسے جلوسوں اور اختجاج کے حوالے سے جو بھی پلاننگ ہوگی خود کروں گا اب اگر کوئی 9 مئی ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری میں لوں گا اور ساری پلاننگ بانی پی ٹی آئی سے پوچھے بغیر کروں گا۔ بعد میں کوئی یہ نہ کہے کہ جو ہوا عمران خان کے حکم پر ہوا۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ آج 3 مہینے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے کچھ گلے انہوں نے اور کچھ گلے میں نے کیے۔ میں نے قائد سے کہا مجھے جو مرضی ذمہ داری دے دیں اور اس کے جو نتائج ہوں گے وہ آپ خود نکال لیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تمام اختلافات ختم کردئیے ہیں میری طرف سے معافی ہے۔ ان کی یقین دہانی پر سب معاملہ ختم ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ شیر افضل کو صرف بانی پی ٹی آئی ہی نکال سکتا۔ میں نے عمران خان کو کہا کوئی گلہ آئے تو بیرسٹر گوہر اور علی امین سے پوچھیں۔آج سرخرو ہوا ہوں،بیرسٹر گوہر نے واضح پیغام دیا ہے کہ پارٹی اختلافات نہیں ہوں گے۔ ہم پہلے لاہورکے لیے نکلیں گے۔ لوگوں کو میرے لندن جانے پر بھی اعتراض ہے۔ شبلی فراز، عمر ایوب اور دیگر کے خلاف کوئی بات نہیں سنیں گے۔ ہم پر امن احتجاج کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے وارئیر لوگوں میں تحرک پیدا کریں ۔ ہم اس گھٹن زدہ ماحول سے تنگ آ چکے ہیں ۔ طلباء، وکلاء، کسانوں اور سب کا احتجاج لیڈ کریں گے۔