بلوچستان

محسن نقوی کا ذاکر بلوچ کے خاندان کیلئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان


تربت(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی مستونگ میں جاں بحق ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی تربت میں واقع رہائش گاہ پہنچ گئے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے والدکنر بلوچ،بھائیوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی، اور ذاکر بلوچ کی قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے والد کو دلاسہ دیا اور ان کے حوصلے کو سراہا ۔ انتخاب کے مطابق وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے خاندان کےلئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کردیا، اورڈپٹی کمشنر ذاکربلوچ کے والد کو پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر دیا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ان کے والد کو خصوصی تعزیتی پیغام پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی کی جان کا نعم البدل نہیں بلکہ ذاکر بلوچ کے خاندان کی دیکھ بھال کے لئے حقیر سی کاوش ہے۔ ذاکر بلوچ کی فیملی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ آپ جیسے حوصلہ مند والد پر فخر ہے جنہوں نے تمام بیٹوں کواعلی تعلیم دلوائی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ فرض شناس، محنتی اور بہادر افسرتھے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ یاد رہیں گے۔ محسن نقوی نے ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی ۔ آئی جی فرنٹیئر کور ساوتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز خان بھی ان کے ہمراہ تھے، اس کے علاوہ آر پی او گوارد، ڈپٹی کمشنر ، اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں