لسبیلہ کھرڑی کے پہاڑوں میں جیپ ریلی کا انعقاد، خواتین سمیت 36 سے زائد ڈرائیور شریک ہونگے


لسبیلہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے پہاڑی علاقے کھرڑی میں جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے،اس ریلی کو ‘لسبیلہ ایکسٹریم آف روڈ ریلی’ کا نام دیا گیا ہے,پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک منفرد اور انتہائی مشکل ترین ٹریک کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں گاڑیاں پہاڑی علاقہ،پانی سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی جانب بڑھے گی،ریلی کے انعقاد کے لیے کھرڑی کے پہاڑوں کے بیچ سے مشکل ترین 22 کلومیٹر کا ٹریک بنایا گیا ہے۔لسبیلہ ایکسٹریم آف روڈ ریلی میں ملک کے نامور ریسرز حصہ لے رہے ہیں۔ ریس میں حصہ لینے والے ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ یہ ٹریک عبور کرنا بہت ہی مشکل ہے،ٹریک منفرد، مشکل اور تھوڑا خطرناک بھی ہے۔دور دراز خوبصورت پہاڑی علاقوں میں ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جانا بہترین اقدام ہے۔امید ہے کہ مستقبل میں ہمیں مزید ایسی جیپ ریسز خوبصورت علاقے کھرڑی میں ہی دیکھنے کو ملیں گی۔لسبیلہ میں منعقدہ اس منفرد جیپ ریلی میں 36 سے زائد ڈرائیورز حصہ لے رہے ہیں جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔