سندھ حکومت اتنی اچھی ہوتی تو آپ کے ساتھ اتحاد کیوں کرتے؟ مصطفیٰ کمال کا مریم نواز کو جواب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے مریم نواز کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیاری مریم بی بی! سندھ حکومت اگر اتنی اچھی ہوتی تو آپ کے ساتھ الیکشن میں کیوں اتحاد کرتے۔
مریم نواز کی ٹوئٹ کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت نہیں بلکہ وزیراعظم سے درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں بھی جینے کا حق دیں کیونکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، ہم نے آپ کی غیرمشروط حمایت کی جس پر آج تک قائم ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے وزیراعظم سے ملاقاتوں میں بار بار توجہ دلائی، وزیراعظم نے سندھ کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مصطفیٰ کمال نے کہاکہ تھا کہ صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں۔
مصطفیٰ کمال کے اس بیان پر مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیارے مصطفیٰ بھائی! پنجاب نے بجلی کے بلوں میں ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے پیسے دے کر لیا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے پنجاب نے اپنے بجٹ سے 45 ارب روپے ادا کیے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ مجھے خوشی ہوگی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور وہ بھی اپنے عوام کو یہ ریلیف فراہم کریں۔