دستاویز کی تصدیق کیلئے گجرات اور کوئٹہ میں بھی کوریئر کمپنیاں خدمات انجام دیں گی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)دفتر خارجہ نے گجرات اور کوئٹہ میں بھی اپوسٹیل تصدیق شروع کردی ہے۔ ترجمان کے مطابق دفتر خارجہ پہلے ہی اسلام آباد، لاہور،کراچی اور پشاور میں اپوسٹیل تصدیق کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گجرات اور کوئٹہ میں کوریئر کمپنیوں کے ذریعے اپوسٹیل تصدیق کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق کوریئرکمپنیوں کے پاس پاور آف اٹارنی کے علاوہ تمام دستاویزات کو قبول کرنے کا اختیار ہے۔ خیال رہے کہ وزارت خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کے لیے پیشگی اپائنٹمنٹ کی شرط ختم کردی ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق کے لیے نیا نرخ نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق نئے نرخ نامے کے مطابق ذاتی اور تعلیمی اسنادکی فی دستاویز تصدیق 3000 ہے۔ قانونی دستاویزات 4500 روپے اورکمرشل دستاویزات 12000 روپے میں تصدیق کی جائیں گی۔